بھٹکل 16 فروری (ایس او نیوز) انڈر گراونڈ ڈرینیج (یو جی ڈی) کاموں کا جائزہ لینے آج منگل کو اچانک میونسپل کونسلروں نے نوائط کالونی کا دورہ کیا اور جن جگہوں پر کھدائی کی گئی ہے اور جہاں کھدائی کا کام جاری ہے ، اُن جگہوں پر پہنچ کر ورکروں سے ملاقات کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے بھی جانکاری حاصل کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹاون میونسپالٹی کے نائب صدر قیصر محتشم نے بتایا کہ انہیں عوام کی طرف سے مسلسل شکایتیں موصول ہورہی تھی کہ جن جگہوں پر کام کیا جارہا ہے اُس کی نگرانی نہیں ہورہی ہے، چمبرس بنائے جارہے ہیں اُس کی کیورنگ نہیں ہورہی ہے، جو پائپ بچھائے گئے ہیں وہ کافی باریک ہے، روڈ کھودے جارہے ہیں، پائپ ڈالنے کے بعد جب بند کردئے جاتے ہیں تو پانی نہیں ڈالا جارہا ہے جس سے راستوں پر مٹی اور دھول کی وجہ سے چلنا محال ہوگیا ہے ۔عوام کی شکایات پر ہم آج یہاں پہنچے تو پتہ چلاکہ عوام کی شکایات صحیح اور جائز ہیں، جہاں راستوں پر کھدائی کرکے پائپ لائن بچھانے کے بعد مٹی سے نالیوں کو بند کیا گیا ہے وہاں روزانہ پانی چھڑکانے کی ہدایات دی گئی تھی مگر یہاں کہیں پر بھی پانی نہیں چھڑکایاجارہا ہے، راستوں پر دھول کی بھرمار ہے جس سے راستوں پرسے چلنا اور دو پہیوں والی سواریوں کا گذرنا مشکل ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھول کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ قیصر نے بتایا کہ جہاں کام جاری ہے وہاں انجینر کی نگرانی ہونی چاہئے تھی مگر یہاں نہ واٹر بورڈ کا کوئی انجینر ہے نہ کوئی کنٹریکٹر کا آدمی دیکھ ریکھ کررہا ہے، یہاں پر صرف ورکرس اپنا کام کرتے نظرآرہے ہیں۔ ورکروں کا کہنا ہے کہ ہر روز یہاں پانی ڈالا جاتا تھا صرف آج ٹینکر میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے پانی نہیں ڈالا گیا ہے۔

قیصر محتشم نے بتایا کہ نوائط کالونی ا ور مدینہ کالونی و غیرہ علاقوں میں انڈر گراونڈ ڈرینیج کا جو کام چل رہا ہے، اس سے ہم بالکل مطمئن نہیں ہیں، چمبرس بنانے کےلئے جو پلاسٹر ڈالا جارہا ہے، اُس کی کیورنگ بھی کہیں نہیں ہورہی ہے۔ جس کو دیکھتے ہوئے ہمیں شبہ ہے کہ یہاں کا حال بھٹکل کے پرانے محلوں سے بھی بدتر ہوگا، انہوں نے بتایا کہ جس طرح کا غیر معیاری کام ہورہا ہے ، ہمیں شبہ ہے کہ غوثیہ محلہ سمیت دیگر محلوں کے جس طرح سینکڑوں کنویں خراب ہوئے ہیں، وہی حال اب نوائط کالونی ، مدینہ کالونی اور نئے آباد شدہ علاقوں میں بھی ہونے والا ہے۔
اس موقع پر میونسپل اسٹائنڈنگ کمیٹی کے چیرمین فیاض مُلا، سنئیر میونسپل کونسلرس محی الدین الطاف کھروری اور کرشنانند پائی موجود تھے۔